کیلیفورنیا: (دنیا نیوز) گوگل میپس میں ایک دلچسپ فیچر کا اضافہ کیا گیا ہے جو صارفین کو ضرور پسند آئے گا۔
اگر آپ گوگل میپس میں متعدد مقامات کو فیورٹ کے طور محفوظ کرنے کے عادی ہیں تو اب اس کے لیے ایموجیز کو استعمال کر سکتے ہیں، کمپنی کی جانب سے گزشتہ دنوں اس فیچر کا اعلان کیا گیا تھا۔
آپ کسی بھی ایموجی کو کسی مخصوص مقام کی علامت کے طور پر استعمال کر سکتے ہیں، اب وہ ریسٹورنٹ ہو، دکان، ہوٹل، پارک یا کوئی بھی جگہ، اس کی شناخت کے لیے فون میں دستیاب کسی بھی ایموجی کو استعمال کیا جا سکتا ہے۔
— Google Maps (@googlemaps) September 6, 2023
ایموجیز سے کسی بھی محفوظ مقام کو شناخت کرنا صارفین کے لیے بہت آسان ہوگا، بس یہ یاد رکھنا ضروری ہوگا کہ کسی مقام کے لیے کونسا ایموجی استعمال کیا گیا ہے۔
گوگل کی جانب سے اس فیچر کا اعلان کرتے ہوئے ایک تصویر بھی شیئر کی گئی تھی جس سے عندیہ ملتا ہے کہ یہ میپس کو کیسے تبدیل کرسکتا ہے، اس مقصد کے لیے اس مقام پر کلک کریں جسے گوگل میپس پر سیو کرنا چاہتے ہیں، پھر نیچے سیو پر کلک کریں۔
اس کے بعد نیو لسٹ پر کلک کرکے اس جگہ کا نام لکھیں اور اوپر موجود Choose icon بٹن کا انتخاب کریں، یہاں آپ کسی بھی ایموجی کو سلیکٹ کر سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ ستمبر کے آغاز میں کمپنی کی جانب سے خاموشی سے گوگل میپس کے یوزر انٹرفیس میں نمایاں تبدیلی کی گئی تھی۔