کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کی جانب سے چھ ہفتے قبل جاری کئے گئے آئی او ایس ورژن میں موجود سقم کو دور کرنے کیلئے تازہ ترین اپ ڈیٹ متعارف کرا دی گئی۔
جمعرات کو ریلیز کئے جانیوالے آئی او ایس 16.6.1 ورژن میں سکیورٹی کیلئے خطرہ بننے والے بگ کو ختم کیا گیا ہے۔
یونیورسٹی آف ٹرونٹو کی سٹیزن لیب سے ایپل کو جاری ہونے والے انتباہ میں کہا گیا تھا کہ یہ بگ صارف کو رابطے میں لائے بغیر ہی آئی فون کی سکیورٹی کو کمزور کر سکتا ہے۔
آئی او ایس 16.6.1 کے متعلق ایک ویب پوسٹ میں ایپل نے مزید تفصیلات فراہم کئے بغیر اس بات کی تصدیق کی ہے کہ آپریٹنگ سسٹم میں سکیورٹی کے حوالے موجود سقم کو دور کر دیا گیا ہے۔
ایپل آئندہ ہفتے آئی فون 15 کے ساتھ نیا موبائل آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس 17 متعارف کرائے گا، بدقسمتی سے یہ بگ اس قدر خطرناک ہے کہ آئی او ایس 17 کی ریلیز (جو اس ماہ کے آخر تک متوقع ہے) تک انتظار نہیں کیا جا سکتا، اس لئے ایپل کو 16.6 کا تازہ ترین ورژن فوری طور پر جاری کرنا پڑا۔
فوری اپ ڈیٹ کو انسٹال کرنے کیلئے صارفین کو اپنے آئی فون سیٹنگز میں جا کر ’جنرل‘ کا انتخاب کر کے سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کرنا ہوگا۔
ایپل نے یہ بھی کہا کہ یہ اپ ڈیٹ آئی پیڈ او ایس کے لئے بھی دستیاب ہے۔