اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف نے اسلام آباد میں ملک کے پہلے ای روزگار مرکز کا افتتاح کر دیا۔
ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ ایکسل کنسلٹنگ سروسز کے اشتراک سے قائم مرکز کیلئے 10 ہزار مربع فٹ جگہ مختص کی گئی ہے، ای روزگار مرکز میں تمام سہولیات سے آراستہ 100 ورک سٹیشنز ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مرکز کے قیام سے 10 ہزار ای روزگار مراکز کے منصوبے کا آغاز ہو گیا، منصوبے کی تکمیل سے سالانہ 10 ارب ڈالر آئی ٹی برآمدات ہوسکیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: روسی شہری کا خلا میں سب سے زیادہ وقت گزارنے کا نیا ریکارڈ قائم
نگران وزیر آئی ٹی نے کہا کہ ای روزگار مراکز کے قیام کیلئے وزیراعظم سکیم کے تحت بلاسود قرضے دیئے جائیں گے، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ ان مراکز کیلئے فری لانسرز کی فراہمی کا ذمہ دار ہوگا۔
ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ وعدے کے مطابق دیگر شہروں میں بھی ای روزگار مراکز تکمیل کے قریب ہیں، آنے والی حکومت کیلئے سازگار ماحول اور ڈیجیٹل پاکستان کا مکمل روڈ میپ بنا دیا ہے۔
نگران وزیر آئی ٹی نے کہا کہ پاکستان کو "ٹیکنالوجی کی منزل" قرار دینے کیلئے تمام دستیاب فورمز کا استعمال کیا گیا۔