کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) ایلون مسک کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کو تھریڈز کے بعد ایک اور بڑے چیلنج کا سامنا، ٹوئٹر کے شریک بانی کا نیا سوشل میڈیا پلیٹ فارم عوام کیلئے کھول دیا گیا۔
ٹوئٹر کے شریک بانی جیک ڈورسی کا نیا سوشل میڈیا پلیٹ فارم بلیو سکائی اب ایکس کو ٹکر دینے کے لیے تیار ہے، اب آپ ایکس کے متبادل کے طور پر سامنے آنے والے اس پلیٹ فارم میں شمولیت اختیار کر سکتے ہیں۔
لگ بھگ ایک سال سے بلیو اسکائی کی رکنیت کا انحصار انوائیٹ پر تھا مگر اب اسے ہر فرد کے لیے کھول دیا گیا ہے، عام افراد کے لیے دستیابی سے قبل ہی 30 لاکھ افراد اس پلیٹ فارم کے رکن بن چکے تھے اور اب اس تعداد میں نمایاں اضافے کی توقع ہے۔
بلیو اسکائی دیکھنے اور فیچرز کے لحاظ سے کافی حد تک ایکس جیسا پلیٹ فارم ہے مگر اندرونی طور پر مختلف ہے، بلیو سکائی ڈی سینٹرلائز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ہے جو اے ٹی پی پروٹوکول فار سوشل نیٹ ورکنگ پر مبنی ہے۔
ڈی سینٹرلائز ہونے کے باعث بلیو سکائی کا کوڈ مکمل طور پر اوپن سورس ہے اور کمپنی کے باہر موجود افراد بھی دیکھ سکتے ہیں کہ اسے کس طرح تیار کیا گیا ہے، بلکہ وہ اپنے الگورتھم بھی خود تیار کر سکتے ہیں۔
بلیو اسکائی کی چیف ایگزیکٹو Jay Graber نے بتایا کہ آپ کو کسی ایک ادارے کی تبدیلیوں کا انتظار نہیں کرنا ہوگا بلکہ ہم نے بلیو سکائی کو ایسے تیار کیا ہے کہ ہر فرد ہی اسے اپنی مرضی کے مطابق بدل سکتا ہے۔
جیک ڈورسی اس نئے پلیٹ فارم پر کافی عرصے سے کام کر رہے تھے اور ایکس کے برعکس اس نئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں صارفین کا ڈیٹا خود مختار سرورز میں محفوظ کیا جاتا ہے، یعنی اس تک رسائی ممکن نہیں۔