اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے منیجنگ ڈائریکٹر کی سربراہی میں گوگل فار ایجوکیشن کے اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی۔
وفد میں گوگل فار ایجوکیشن کے آٹھ ممالک کے نمائندگان شامل تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تعلیم کا فروغ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، تعلیمی ایمرجنسی کا نفاذ تعلیم کے شعبے میں حکومت کی سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد ایک چیلنج ضرور ہے تاہم اس چیلنج میں سے مواقع تلاش کئے جائیں گے، ٹیکنالوجی کے استعمال سے نوجوانوں کی صلاحیت میں اضافے کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک کے کم ترقی یافتہ علاقوں میں قابل طالب علموں کو لیپ ٹاپ فراہم کئے جا رہے ہیں اور لیپ ٹاپ کی فراہمی کیلئے بجٹ میں رقم مختص کی جا چکی ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے گوگل کے پاکستان میں کروم بک بنانے کا پلانٹ لگانے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا اور گوگل فار ایجوکیشن اور وزارت وفاقی تعلیم کے درمیان معاہدے کو سراہا۔