ٹک ٹاک نے فلموں، ڈراموں کی معلومات کا فیچر پیش کر دیا

Published On 10 August,2024 08:33 am

نیویارک: (ویب ڈیسک) شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک پر فلموں، ویب سیریز، ڈراموں اور مقبول ٹی وی شوز کی معلومات اور تفصیلات سے متعلق نیا فیچر پیش کر دیا گیا۔

کمپنی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ٹک ٹاک سپاٹ لائٹ نامی فیچر صارفین کو ان کی پسندیدہ فلموں، ڈراموں اور ٹی وی شوز سے متعلق معلومات فراہم کرے گا۔

سپاٹ لائٹ فیچر فیڈ کی طرح کام کرے گا، جہاں پر صارفین کی جانب سے کسی بھی فلم، ڈرامے یا ٹی وی شو سے متعلق شیئر کردہ ویڈیو کو مذکورہ ڈرامے یا فلم کے اصل پیج اور کمپنی سے منسلک کر کے اس متعلق مزید معلومات فراہم کی جائے گی۔

یعنی اگر کوئی صارف کسی ہالی ووڈ فلم سے متعلق ویڈیو شیئر کرے گا تو کمپنی مذکورہ ویڈیو کو ہیش ٹیگز کی بنیاد پر سپاٹ لائٹ میں شامل کر کے مذکورہ ویڈیو میں مزید لنکس بھی شامل کرے گی اور صارف کو یہ آپشن فراہم کرے گی کہ وہ چاہیں تو مذکورہ فلم کو دیکھنے کیلئے اپنے قریبی سینما کا آن لائن ٹکٹ بک کروا سکتے ہیں۔

 original sound - TikTok Newsroom

اسی طرح ٹک ٹاک مذکورہ فیچر کے تحت صارفین کو یہ بھی معلومات فراہم کرے گا کہ وہ فلاں مقبول ٹی وی شو یا فلم کو کہاں آن لائن دیکھ سکتے ہیں، ٹک ٹاک سپاٹ لائٹ فیچر کو فوری طور پر تمام ممالک اور صارفین تک نہیں پھیلایا گیا، تاہم ترتیب وار مذکورہ فیچر تک سب کو رسائی دی جائے گی۔

ٹک ٹاک سپاٹ لائٹ کو امریکا، کینیڈا، یورپ، آسٹریلیا، برازیل اور بھارت سمیت دیگر ممالک میں بہت پذیرائی ملنے کی توقع کی جا رہی ہے، تاہم مذکورہ فیچر پاکستانی صارفین کی خاص دلچسپی کا سبب نہیں بن سکے گا۔