جاپانی کمپنی کا چاند پر بھیجا جانے والا دوسرا مشن بھی ناکام

Published On 06 June,2025 02:24 pm

ٹوکیو : (ویب ڈیسک) جاپانی کمپنی کی چاند پر سپیس کرافٹ مشن کو پہنچانے کی دوسری کوشش بھی بظاہر ناکام ہوگئی ہے۔

آئی سپیس نامی کمپنی کے نئے مشن نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب کے دوران چاند پر لینڈنگ کی کوشش کی جس کے بعد اس سے رابطہ منقطع ہو گیا، اس سے قبل 2023ء میں بھی کمپنی کا مشن چاند پر گر کر تباہ ہوگیا تھا۔

آئی سپیس نے مشن کو جنوری میں چاند کی جانب روانہ کیا تھا اور اس نے 6 جون کو شب 12 بج کر 17 منٹ پر چاند کے شمالی خطے میں لینڈ ہونا تھا مگر مشن کی لینڈنگ کی کوشش کی لائیو سٹریمنگ 30 منٹ بعد رک گئی اور سپیس کرافٹ سے رابطہ بھی منقطع ہوگیا، جس کے بعد مشن کا مستقبل غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے۔

کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ہماری ٹیم لینڈر سے رابطہ بحال کرنے کی مسلسل کوشش کر رہی ہے اور اس حوالے سے مزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔

اس مشن کو 15 جنوری کو اسپیس ایکس نے خلا میں لانچ کیا تھا اور اس نے چاند تک پہنچنے میں کئی ماہ لگائے، مشن کی ممکنہ ناکامی آئی سپیس کے لیے بڑا دھچکا ہے، یہ کمپنی مستقبل میں چاند پر ایک ہزار افراد پر مشتمل شہر بسانے اور سیاحتی مشنز بھی بھیجنے کی خواہشمند ہے، مشن کی چاند پر لینڈنگ میں کامیابی شہر بسانے کی جانب سے پہلا قدم ہوتا۔

اب تک چاند پر 5 ممالک امریکا، روس، چین، بھارت اور جاپان کے مشنز کامیابی سے لینڈ کرچکے ہیں مگر حالیہ برسوں میں متعدد مشنز ناکام بھی ہوئے ہیں، آئی سپیس نے امریکی خلائی ادارے ناسا سے بھی ایک معاہدہ کیا ہوا ہے جس کے تحت جاپانی کمپنی 2027 میں ایک بڑے لینڈر کو چاند پر بھیجے گی۔