چیٹ جی پی ٹی کی کاروباری اور ملازمت پیشہ افراد کیلئے نئی سہولت متعارف

Published On 07 June,2025 12:24 pm

نیویارک: (ویب ڈیسک) اوپن اے آئی نے ایک بار پھر چیٹ جی پی ٹی میں میٹنگ ریکارڈنگ اور کلاؤڈ میں فائل شیئرنگ کی دو بڑی سہولتیں متعارف کروا دی ہیں جو کاروباری افراد اور دفاتر میں کام کرنے والوں کے لیے نہایت مفید ثابت ہو سکتی ہیں۔

چیٹ جی پی ٹی کے ذریعے نہ صرف میٹنگ ریکارڈ کی جاسکتی ہے بلکہ اس کی مکمل تفصیل خودکار انداز میں تحریری شکل میں بھی حاصل کی جاسکتی ہے، چیٹ جی پی ٹی میٹنگز، برین سٹورمنگ سیشنز یا ذاتی نوٹس کو ریکارڈ کرتا ہے اور پھر ان کا خلاصہ اور اہم نکات تیار کرکے فراہم کرتا ہے۔

اگر آپ میٹنگ کے دوران کسی بات کو نوٹ کرنا بھول جائیں تو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، چیٹ جی پی ٹی خود ہی ہر ضروری بات کا خلاصہ تیار کرکے آپ کو فراہم کرے گا، جسے آپ اپنی ٹیم کے ساتھ شیئر بھی کرسکتے ہیں۔

اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی میں ایک اور بڑی سہولت شامل کی ہے، جو کلاؤڈ میں فائل شیئرنگ کی سہولت ہے، اب چیٹ جی پی ٹی گوگل ڈرائیو، ڈراپ باکس، باکس، شیئرپوائنٹ اور ون ڈرائیو جیسی سروسز سے براہ راست منسلک ہوسکتا ہے۔

اگر آپ کے پاس کوئی دستاویز یا اسپریڈشیٹ گوگل ڈرائیو میں موجود ہے، تو آپ چیٹ جی پی ٹی سے کہہ سکتے ہیں کہ وہ اس فائل کو کھولے اور اس سے معلومات حاصل کرے، چیٹ جی پی ٹی ان فائلوں کو پڑھ کر خلاصہ، نکات یا ڈیٹا کا تجزیہ پیش کرسکتا ہے۔