کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ جیمز ویب سپیس ٹیلی سکوپ نے نظام شمسی سے باہر اپنا پہلا سیارہ ( ایگزو پلینیٹ ) دریافت کر لیا ہے، اس نئی دنیا کی نایاب براہِ راست تصاویر لی گئی ہیں، جو زمین کے’ کہکشانی پڑوس’ میں واقع ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ ٹیلی سکوپ، جو کائنات میں اب تک کی سب سے دور رس نگاہ رکھتی ہے، 2022 میں فعال ہونے کے بعد سے نظامِ شمسی سے باہر سیاروں کی تلاش میں انقلاب برپا کر چکی ہے۔
تاہم، اب تک اس کی زیادہ تر توجہ پہلے سے دریافت شدہ ایگزوپلینیٹس پر مرکوز رہی ہے، بجائے اس کے کہ وہ نئی دنیاؤں کی تلاش کرے۔
فرانسیسی تحقیقی ادارے ’ سی این آر ایس’ کی جرنل نیچر میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں انکشاف کیا گیا کہ سیارہ TWA 7b کی دریافت ’ اس ٹیلی سکوپ کیلئے پہلی بار‘ ہے۔
اب تک دریافت ہونے والے تقریباً 6,000 ایگزو پلینیٹس میں سے زیادہ تر سیارے کی براہِ راست تصویر کے بجائے اُن روشنی کے دھبوں کی بنیاد پر پہچانے گئے ہیں جو وہ اپنے ستارے کے سامنے سے گزرتے ہوئے پیدا کرتے ہیں۔
تحقیق کی سربراہ اور پیرس آبزرویٹری سے تعلق رکھنے والی این-ماری لاگرانژ نے بتایا کہ جیمز ویب نے طویل وقت ان سیاروں کو دیکھنے میں صرف کیا ہے جن کی پہلے کبھی براہِ راست تصویر نہیں لی گئی۔