کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے نئے فیچر کی آزمائش شروع کر دی، جس کے تحت صارفین ٹیکسٹ سٹیٹس پر سٹیکرز اور موسیقی بھی شامل کر سکیں گے۔
واٹس ایپ کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق اس نئے فیچر کے تحت اب ٹیکسٹ سٹیٹس میں سٹیکرز اور موسیقی بھی شامل کی جاسکے گی، یہ تبدیلی صارف کے جذبات کے اظہار کو مزید تخلیقی اور بامعنی بنانے کیلئے کی گئی ہے۔
صارفین اس نئے فیچر کی مدد سے اپنے سٹیٹس میں صرف تحریری پیغام ہی نہیں، بلکہ اس کے ساتھ تصویری سٹیکرز، بیک گراؤنڈ میوزک اور دیگر تخلیقی عناصر بھی شامل کر سکیں گے۔
اس فیچر کے ذریعے صارفین اب اپنے ٹیکسٹ سٹیٹس میں موسیقی منتخب کر کے بیک گراؤنڈ میں چلا سکیں گے، جس سے ان کی پوسٹ مزید پرکشش اور جذباتی انداز میں سامنے آئے گی، ساتھ ہی صارفین اب مختلف سٹیکرز کو اپنی مرضی سے سٹیٹس میں شامل کر کے اپنا پیغام مزید مؤثر بنا سکیں گے۔
واٹس ایپ کی یہ اپ ڈیٹ صارفین کو زیادہ اختیارات اور تخلیقی اظہار کا موقع فراہم کرے گی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ اپنے پلیٹ فارم کو نہ صرف بات چیت کیلئے بلکہ جذبات، خیالات اور یادوں کے اظہار کا بھی ذریعہ بنانا چاہتی ہے، یہ نیا فیچر اس وقت آزمائشی مراحل میں ہے اور جلد ہی تمام صارفین کیلئے جاری کر دیا جائے گا۔