کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) خفیہ دستاویزات سے معلوم ہوا ہے کہ میٹا ایک ایسے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) منصوبے پر کام کر رہی ہے، جس کے ذریعے کمپنی کے بنائے اے آئی چیٹ بوٹس صارفین کو میسیجز بھیج کر انہیں مصروف رکھیں گے تاکہ کمپنی کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی انگیجمنٹ بڑھ سکے۔
بزنس انسائیڈر کی جانب سے حاصل کئے جانے والے دستاویزات کے مطابق میٹا ایک ڈیٹا لیبلنگ فرم Alignerr کے ساتھ مل کر ایسے چیٹ بوٹس تیار کر رہا ہے جو نہ صرف صارفین سے خود رابطہ کریں گے بلکہ ماضی کی گفتگو بھی یاد رکھیں گے۔
مثال کے طور پر ایک مجوزہ اے آئی چیٹ بیٹ صارف کو پیغام بھیجے گا کہ ’مجھے امید ہے آپ کا دن خوشگوار گزر رہا ہوگا، میں جاننا چاہتا تھا، کیا آپ نے حال ہی میں کوئی نیا ساؤنڈ ٹریک یا موسیقار دریافت کیا؟ اگر آپ فلم نائٹ کیلئے کوئی تجویز چاہتے ہیں تو میں آپ کی مدد کر کے خوشی محسوس کروں گا‘
رپورٹٓ کے مطابق مذکورہ اے آئی چیٹ بوٹس صرف اس وقت فالو اپ پیغام بھیجیں گے جب صارف نے ابتدائی گفتگو کے 14 دنوں میں کم از کم پانچ پیغامات بھیجے ہوں، اگر صارف فالو اپ کے بعد جواب نہ دے تو مزید پیغامات نہیں بھیجے جائیں گے۔
مزید براں ایسے چیٹ بوٹس صارفین خود بھی تخلیق کر سکیں گے جنہیں وہ پرائیویٹ رکھ سکتے ہیں یا انسٹاگرام اور فیس بک پروفائل، سٹوریز، یا براہ راست لنکس کے ذریعے شیئر بھی کر سکتے ہیں۔
میٹا کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد صارفین کو دلچسپی کے موضوعات پر مزید بامعنی گفتگو کا موقع فراہم کرنا ہے۔
یہ خبریں پہلے ہی تھیں کہ میٹا کی جانب سے واٹس ایپ، فیس بک اور انسٹاگرام پر صارفین کو اپنی مرضی کے مطابق اے آئی چیٹ بوٹس بنانے تک رسائی دی جائے گی۔
اب خبر سامنے آئی ہے کہ نہ صرف صارفین خود اے آئی چیٹ بوٹ بنا سکیں گے بلکہ کمپنی کی جانب سے بنائے گئے چیٹ بوٹ صارف کی مرضی کے بغیر انہیں میسیج بھیج سکیں گے لیکن اگر صارف نے مذکورہ میسیج کا جواب نہیں دیا تو اے آئی چیٹ بوٹ میسیج کرنا چھوڑ دے گا۔