میٹا نے فیس بک رِیلز صارفین کیلئے نیا فیچر متعارف کرا دیا

Published On 07 July,2025 08:46 am

نیویارک: (ویب ڈیسک) میٹا نے فیس بک رِیلز صارفین کیلئے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے ویڈیو اپ لوڈ کرنے سے قبل کانٹینٹ میں کاپی رائٹ خلاف ورزی کی جانچ ممکن ہوگئی ہے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی مالک کمپنی میٹا نے کانٹینٹ کریئیٹرز کیلئے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے، جس کے تحت اب صارفین فیس بک رِیلز اپ لوڈ کرنے سے قبل یہ جان سکیں گے کہ ان کا کانٹینٹ کاپی رائٹ قوانین کی خلاف ورزی کا باعث تو نہیں بن رہا۔

یہ نیا فیچر ریلز کمپوزر میں شامل کیا گیا ہے، جو اس سے پہلے صرف میٹا بزنس سوٹ میں دستیاب تھا۔

اب تمام کانٹینٹ کریئیٹرز اپنی ویڈیوز پوسٹ کرنے سے پہلے ’کاپی رائٹ چیک‘ کے ذریعے یہ معلوم کر سکیں گے کہ آیا ان کی ویڈیو میں شامل آڈیو یا ویژول کانٹینٹ کسی اور کی ملکیت تو نہیں۔

میٹا کا اس فیچر کے حوالے سے کہنا ہے کہ یہ کانٹینٹ کریئیٹرز کو اُس وقت الرٹ کرے گا جب ان کا کانٹینٹ کسی اور کے کاپی رائٹ کے تحت آتا ہو، اس صورت میں ویڈیو کو اپ لوڈ ہونے سے پہلے روک دیا جائے گا اور انہیں موقع دیا جائے گا کہ وہ متنازع کانٹینٹ کو ہٹا دیں یا ایڈٹ کر لیں۔

اگر ویڈیو میں ممکنہ خلاف ورزی پائی گئی، تو اس کی اشاعت میں ایک گھنٹے تک تاخیر کی جا سکتی ہے، اس دوران کانٹینٹ کریئیٹرز کو متبادل آڈیو یا کانٹینٹ استعمال کرنے کا آپشن دیا جائے گا، اس فیچر کو ضرورت کے مطابق آن یا آف بھی کیا جا سکتا ہے۔

میٹا کے مطابق اگر کوئی کانٹینٹ کریئیٹر یہ فیچر غیر فعال کر کے ویڈیو اپ لوڈ کرتا ہے، تو بھی سسٹم ویڈیو کا خودکار جائزہ لیتا رہے گا، اگر بعد میں خلاف ورزی کا پتہ چلتا ہے، تو ویڈیو کو جزوی طور پر بلاک کیا جا سکتا ہے، اس کی رسائی کم کی جا سکتی ہے یا آڈیو کو خاموش کر دیا جا سکتا ہے۔

اس فیچر کا مقصد تخلیق کاروں کو کاپی رائٹ مسائل سے بچانا ہے، تاکہ ان کی ویڈیوز بلاک نہ ہوں، ان کی رسائی محدود نہ ہو اور آمدنی پر منفی اثر نہ پڑے۔