اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مائیکروسافٹ نے پاکستان میں اپنا دفتر بند کرنے سمیت 5 ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
اس سے قبل میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ عالمی ٹیک کمپنی نے ملک میں اپنے آپریشنز بند کر دیئے ہیں، یہ رپورٹس لنکڈ اِن پر جاوید رحمان (جو مائیکرو سافٹ پاکستان کے سابق سربراہ ہیں) کی ایک پوسٹ کی بنیاد پر تھیں۔
انہوں نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کمپنی پاکستان میں اپنے آپریشنز باضابطہ طور پر بند کر رہی ہے، اس معاملے سے واقف افراد نے میڈیا کو بتایا کہ مائیکروسافٹ کی پاکستان میں زمینی موجودگی حالیہ دنوں تک برقرار تھی۔
اگرچہ مقامی افرادی قوت کافی محدود تھی، کمپنی کے زیادہ تر آپریشنز غیر ملکی دفاتر اور پاکستان میں موجود پارٹنرز کے ذریعے چلائے جا رہے تھے۔
مائیکروسافٹ ترجمان نے کہا کہ ہم اپنے صارفین کو اپنی مضبوط اور وسیع پارٹنر تنظیم اور قریبی دفاتر کے ذریعے خدمات فراہم کریں گے، ہم یہ ماڈل دنیا کے کئی دیگر ممالک میں کامیابی سے چلا رہے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ کمپنی مقامی پارٹنرز اور غیر ملکی دفاتر کے ذریعے خدمات فراہم کرے گی، پاکستان سے آپریشنز کی منتقلی کا فیصلہ کمپنی کی عالمی سطح پر جاری چھانٹیوں کا حصہ ہے، کیونکہ وہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی طرف منتقل ہو رہی ہے۔
واضح رہے کہ بدھ کو مائیکروسافٹ نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے تقریباً 2 لاکھ 28 ہزار ملازمین میں سے 4 فیصد کو فارغ کر رہی ہے، مئی میں کمپنی نے 6 ہزار ملازمین کہ چھانٹی کا اعلان کیا تھا۔
مائیکروسافٹ نے کہا کہ وہ کم منتظمین کے ساتھ اپنے آپریشنز کو چلانے اور اپنی مصنوعات، طریقہ کار اور کرداروں کو بہتر بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔