ٹک ٹاک نے انسٹاگرام طرز کے نئے فیچر کی آزمائش شروع کردی

Published On 30 June,2025 10:18 pm

بیجنگ: (ویب ڈیسک) شارٹ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک نے سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام طرز کے نئے فیچر ’بلٹن بورڈز‘ کی آزمائش شروع کردی ہے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق، ٹک ٹاک ایک نیا فیچر ’بلٹن بورڈز‘ متعارف کروا رہا ہے جو انسٹاگرام کے براڈکاسٹ چینلز کی طرز پر تیار کیا گیا ہے، اس فیچر کے تحت تخلیق کار (کریئیٹرز) اور برانڈز اپنے فالورز کے ساتھ براہِ راست اور یک طرفہ انداز میں معلومات اور اپ ڈیٹس شیئر کر سکیں گے۔

مذکورہ فیچر کی آزمائش ابتدائی طور پر منتخب صارفین کے ایک گروپ کے ساتھ کی جا رہی ہے، جن میں پیپل میگزین، فٹبال کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) اور مشہور گلوکار گروپ جوناس برادرز شامل ہیں۔

بلٹن بورڈز میں صرف تخلیق کار یا برانڈ مواد شیئر کر سکتے ہیں، جب کہ فالورز کو صرف ایموجیز کے ذریعے ردعمل دینے کی اجازت ہوگی، مذکورہ فیچر پر ویڈیوز، تصاویر اور متن جیسے مختلف انداز میں پیغامات بھیجے جا سکتے ہیں، اس کی مدد سے برانڈز اور مشہور شخصیات اپنے فالورز کو براہِ راست معلومات فراہم کر سکیں گے، جیسے کہ نئی اپ ڈیٹس، پروجیکٹس یا ذاتی پیغامات۔

انسٹاگرام نے 2023 میں براڈکاسٹ چینلز کا آغاز کیا تھا، جو دنیا بھر میں کامیاب رہا، اب ٹک ٹاک اسی ماڈل پر کام کر رہا ہے تاکہ صارفین کے ساتھ تعلق کو مضبوط بنایا جا سکے۔

قبل ازیں بھی ٹک ٹاک نے انسٹاگرام اسٹوریز سے مشابہ ایک فیچر متعارف کرایا تھا، جو وقت کے ساتھ صارفین میں مقبول ہوا، فی الحال یہ فیچر محدود صارفین کے لیے دستیاب ہے، تاہم جلد ہی اسے عالمی سطح پر متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔