انسٹاگرام نے صارفین کیلئے نیا اور دلچسپ فیچر متعارف کرا دیا

Published On 02 July,2025 08:36 am

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام نے اپنے صارفین کیلئے ایک نیا اور دلچسپ فیچر متعارف کرا دیا ہے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق انسٹاگرام کے اس نئے فیچر کی بدولت اب صارفین گانے کا مختصر آڈیو کلپ انسٹاگرام سٹوری پر براہِ راست سن سکتے ہیں۔

قبل ازیں انسٹاگرام سٹوریز میں اسپاٹیفائی گانے صرف کور آرٹ اور ’پلے آن اسپاٹیفائی‘ بٹن کے ذریعے شیئر کئے جا سکتے تھے، جس پر کلک کرنے سے صارف کو اسپاٹیفائی کی ایپ پر جانا پڑتا تھا۔

تاہم نئے فیچر کی بدولت اب صارفین گانے کا مختصر آڈیو کلپ انسٹاگرام سٹوری پر براہِ راست سن سکتے ہیں، جس سے میوزک شیئرنگ کا تجربہ زیادہ مؤثر اور دلچسپ ہوگیا۔

انسٹاگرام کی ملکیت رکھنے والی کمپنی میٹا کے ترجمان نے اس اپڈیٹ کو ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا مقصد پلیٹ فارم پر موسیقی کو فروغ دینا اور صارفین کو بہتر انداز میں اپنی پسند کے گانے دوستوں کے ساتھ شیئر کرنے کا موقع دینا ہے۔

یہ فیچر استعمال کرنے کیلئے صارفین کو اسپاٹیفائی ایپ میں جا کر گانے کے ’شیئر‘ آپشن پر کلک کرنا ہوگا، پھر ’انسٹاگرام سٹوریز‘ کو منتخب کرنا ہوگا، اس کے بعد انسٹاگرام خودبخود کھل جائے گا اور سٹوری میں گانے کا ایک 15 سیکنڈ کا آڈیو کلپ شامل ہو جائے گا، جسے دیکھنے والے سن بھی سکیں گے۔