دبئی: (دنیا نیوز) دبئی میں پہلی ائیر ٹیکسی کی آزمائشی پرواز کامیابی سے مکمل کی گئی ہے۔
دبئی روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے ائیر ٹیکسی کی آزمائشی پرواز کی گئی جو کہ مکمل طور پر ایک الیکٹرک طیارہ ہے جو ہیلی کاپٹر کی طرح رن وے کے بغیر بھی لینڈ کرسکتا ہے۔
دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے ائیر ٹیکسی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی۔
— Hamdan bin Mohammed (@HamdanMohammed) June 30, 2025
روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے مطابق ائیر ٹیکسی اگلے سال سے مکمل آپریشن کا آغاز کرے گی جبکہ اس کا مقصد برق رفتار اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ فراہم کرنا ہے، دبئی کے صحرائی خطے میں ائیر ٹیکسی کی آزمائش کی گئی تھی۔
یہ ائیر ٹیکسی Joby ایوی ایشن کی تیار کردہ ہے اور دبئی روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے اس کمپنی سے اشتراک کیا ہے، یہ اڑنے والی گاڑی 160 کلومیٹر تک سفر کرسکتی ہے جبکہ اس کی حد رفتار 320 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔
دبئی ائیرپورٹ سے پام جمیرہ تک اس کی پرواز 12 منٹ میں مکمل ہوگی، ابھی یہ فاصلہ گاڑی سے 45 منٹ میں طے ہوتا ہے، ائیر ٹیکسی کی اولین کمرشل پروازوں کے لیے اسٹیشن آپریشن دبئی ائیرپورٹ کے قریب بنایا جائے گا۔