اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپیس ایکس کی سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس سٹارلنک کو پاکستان میں انٹرنیٹ سروسز کی فراہمی کے لیے لائسنس کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔
پاکستان سپیس ایکٹیویٹیز ریگولیٹری بورڈ (پی ایس اے آر بی) نے سٹارلنک کی عارضی رجسٹریشن منسوخ کر دی ہے، یہ رجسٹریشن 21 مارچ کو دی گئی تھی تاکہ کمپنی ابتدائی تیاریوں اور حکومتی تقاضوں کو پورا کر سکے، تاہم جون میں اس کی مدت ختم ہوگئی اور کمپنی مستقل رجسٹریشن حاصل کرنے میں ناکام رہی۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے واضح کردیا ہے کہ ملک میں سروس فراہم کرنے کے لیے مستقل رجسٹریشن صرف اس صورت میں دی جا سکتی ہے جب کمپنی لائسنس حاصل کرے، سٹارلنک تاحال یہ لائسنس حاصل نہیں کرسکا۔
سٹارلنک کے حکام نے اس پیشرفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور حکومت کی حتمی پالیسی کے واضح ہونے کا انتظار کررہے ہیں۔