یوٹیوب کا جلد ہی مونیٹائزیشن پالیسی کو اپڈیٹ کرنے کا عندیہ

Published On 11 July,2025 09:11 am

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے عندیہ دیا ہے کہ جلد ہی مونیٹائزیشن پالیسی کو اپڈیٹ کر دیا جائے گا، جس کے تحت مواد تخلیق کاروں کو بہتر انداز میں پیسے کمانے کے مواقع میسر ہوں گے۔

یوٹیوب کے مطابق جولائی کے وسط تک نئی مونیٹائزیشن پالیسی کچھ تبدیلیوں کے ساتھ شائع کر دی جائے گی۔

اسی حوالے سے ٹیکنالوجی ویب سائٹ نے بتایا کہ یوٹیوب کی جانب سے نئی مونیٹائیزیشن پالیسی میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کی مدد سے تیار کئے جانے والے مواد سمیت بار بار پوسٹ کئے جانے والے مواد سے پیسے کمانے کو مشکل کیا جا سکتا ہے۔

علاوہ ازیں نئی مونیٹائیزیشن پالیسی میں کم معیار کے مواد سے بھی پیسے کمانے کو مشکل قرار دیا جا سکتا ہے۔

یوٹیوب کی جانب سے نئی پالیسی کے اعلان کے بعد صارفین کو شبہ ہے کہ پلیٹ فارم پر ری ایکشن ویڈیوز کو بھی مونیٹائیزیشن پالیسی کا حصہ نہ بنائے جانے کا امکان ہے، اگر یوٹیوب کی جانب سے ری ایکشن ویڈیوز سے پیسے کمانے کو مشکل بنا دیا جاتا ہے تو کروڑوں اکاؤنٹس ہولڈرز کی جانب سے پیسے کمانا مشکل ہوجائے گا۔

تاہم یوٹیوب کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے مطابق نئی پالیسی سے ری ایکشن ویڈیوز متاثر نہیں ہوں گی، البتہ اے آئی، غیر معیاری ویڈیوز اور بار بار پوسٹ کی جانے والی ویڈیوز متاثر ہوں گی۔