کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) میٹا کی ایپ تھریڈز ایکس کو پیچھے چھوڑنے والی ہے کیونکہ اسے روزانہ استعمال کرنے والے افراد کی تعداد ایلون مسک کی زیرملکیت ایپ کے قریب پہنچ گئی ہے، موبائل ایپ میں تھریڈز ایکس کو پیچھے چھوڑنے کے قریب ہے۔
ایکس (ٹوئٹر) کے مقابلے پر میٹا نے لگ بھگ 2 سال قبل جولائی 2023 میں تھریڈز کو متعارف کرایا تھا۔
Similarweb کے ڈیٹا پر مبنی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ جون 2025 میں آئی او ایس اور اینڈرائیڈ ڈیوائسز میں تھریڈز کو روزانہ استعمال کرنے والے افراد کی تعداد 11 کروڑ 51 لاکھ تھی، اس کے مقابلے میں ایکس کو روزانہ استعمال کرنے والے افراد کی تعداد اس مہینے میں 13 کروڑ 20 لاکھ تھی۔
ایکس کے مقابلے پر موجود ایک اور ایپ بلیو اسکائی کو روزانہ 41 لاکھ افراد موبائل ایپ کے ذریعے استعمال کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ ڈیٹا موبائل صارفین کا ہے اور ایکس کو ڈیسک ٹاپ صارفین کے حوالے سے ابھی بھی واضح سبقت حاصل ہے۔
Similarweb کے مطابق دنیا بھر میں جون 2025 میں ایکس کو ڈیسک ٹاپ پر روزانہ استعمال کرنے والے افراد کی تعداد 14 کروڑ 58 لاکھ تھی، اس کے مقابلے میں تھریڈز اور بلیو اسکائی کے ایسے صارفین کی تعداد بالترتیب 69 لاکھ اور 53 لاکھ تھی۔
موبائل پر تھریڈز کی مقبولیت حیران کن نہیں کیونکہ جب ایلون مسک نے اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو خرید کر اس کا نام ٹوئٹر سے تبدیل کرکے ایکس کرتے ہوئے متعدد تبدیلیاں کیں تو صارفین نے متبادل ایپس کا رخ کرنا شروع کر دیا تھا۔