پاکستان کا اے آئی سے لیس پہلا سائبر سکیورٹی پروگرام متعارف

Published On 08 July,2025 09:15 am

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان کے آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) پر مبنی پلیٹ فارم (SOCByte) نے ملک کا پہلا اے آئی سے لیس سائبر سکیورٹی پروگرام متعارف کرا دیا۔

مذکورہ اے آئی سائبر سکیورٹی پلیٹ فارم سکیورٹی ماہرین کو اہم معلومات فراہم کرتا ہے۔

ادارے کی پریس ریلیز کے مطابق ’ڈیکسٹر‘ کے نام سے متعارف کرایا گیا مذکورہ پروگرام دراصل سکیورٹی آپریشنز سینٹر (ایس او سی) اینالسٹ ہے جو انسانی ماہرین کے ساتھ مل کر سائبر سکیورٹی میں درکار اہم ڈیٹا فراہم کرتا ہے۔

ایس او سی بائٹ اس وقت پاکستان میں پانچ مقامی کلائنٹس کے ساتھ ساتھ امریکا اور نائجیریا میں بھی اپنی خدمات فراہم کر رہا ہے۔

ادارے کی پریس ریلیز کے مطابق سال 2023 اور 2024 کے درمیان پاکستان کو 3 کروڑ 40 لاکھ سائبر حملوں کا سامنا کرنا پڑا جو ملک کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کیلئے ایک سنگین چیلنج ہے۔

کمپنی کے بانی سلیمان آصف کے مطابق ان کا ادارہ ایسی ٹیکنالوجی تیار نہیں کر رہا جو ملک کے سائبر سکیورٹی ماہرین کی جگہ لے بلکہ وہ ایسی ٹیکنالوجی بنا رہے ہیں جو ان کی صلاحیتوں میں اضافہ کرے۔

کمپنی کے مطابق مقامی سطح پر تیار کردہ ٹولز جیسے کہ ’ڈیکسٹر‘ پاکستان کیلئے کئی فوائد رکھتے ہیں جن میں ڈیجیٹل خودمختاری، مقامی خطرات سے متعلق انٹیلیجنس، تکنیکی کمیونٹی کی تشکیل اور ہائی ویلیو سیکٹرز میں مقامی جدت اور روزگار کے مواقع شامل ہیں۔

کمپنی نے کہا کہ یہ سنگ میل صرف تکنیکی ترقی نہیں بلکہ اس بات کی دلیل بھی ہے کہ پاکستان اپنے طور پر جدید سائبر سکیورٹی حل تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جو بڑھتے ہوئے عالمی سائبر خطرات کے تناظر میں اہمیت اختیار کر چکا ہے۔