بیجنگ: (ویب ڈیسک) ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک امریکا میں متوقع فروخت سے قبل امریکی صارفین کے لیے اپنے ایپ کا نیا ورژن تیار کر رہا ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق یہ بات معروف ٹیک اور بزنس نیوز ویب سائٹ دی انفارمیشن نے ذرائع سے رپورٹ کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ٹک ٹاک نے منصوبہ بنایا ہے کہ وہ 5 ستمبر کو امریکا میں نیا ایپ ورژن اسٹورز پر لانچ کرے گا، تاہم صارفین کو آخرکار نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کرنا پڑے گی تاکہ وہ سروس استعمال کرتے رہیں، موجودہ ایپ مارچ 2026ء تک چلتی رہے گی، تاہم یہ ٹائم لائن تبدیل ہو سکتی ہے۔
یہ خبر ایسے وقت سامنے آئی جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ پیر یا منگل سے چین کے ساتھ ٹک ٹاک کے ممکنہ معاہدے پر بات چیت کا آغاز کریں گے، ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے پاس ٹک ٹاک کی فروخت سے متعلق مکمل معاہدہ موجود ہے۔
گزشتہ ماہ صدر ٹرمپ نے چین میں قائم کمپنی بائٹ ڈانس کو حکم دیا تھا کہ وہ 17 ستمبر تک ٹک ٹاک کے امریکی اثاثے فروخت کر دے، جس کے بعد یہ نئی پیش رفت سامنے آئی ہے۔