واٹس ایپ میں صارفین کیلئے دلچسپ فیچر کا اضافہ

Published On 12 August,2025 07:30 pm

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) میٹا کی زیر ملکیت میسجنگ ایپ میں موشن فوٹو فیچر کا اضافہ کیا جا رہا ہے، یہ نیا فیچر واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے نئے بیٹا (beta) ورژن میں دیا گیا ہے۔

اس فیچر کے ذریعے کسی ساکت تصویر کو متحرک کیا جاسکے گا بالکل آئی فون کے لائیو فوٹوز فیچر کی طرح، یعنی تصویر کھینچے جانے سے قبل کے چند سیکنڈ اور اس کے بعد کے چند سیکنڈ کو فوٹو میں متحرک کر دیا جائے گا جبکہ اس میں ساؤنڈ بھی شامل کیا جاسکے گا۔

آسان الفاظ میں یہ ایک تصویر سے زیادہ منی ویڈیو ہوگی جس میں ساکت تصویر میں چیزیں متحرک ہوں گی، فیچر کو استعمال کرنا بھی بہت آسان ہے واٹس ایپ میں جاکر گیلری اوپن کرکے وہاں اوپر بائیں جانب موشن آئیکون پر کلک کرکے اسے استعمال کیا جاسکے گا۔

مگر جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ ابھی یہ فیچر بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے اور وہاں بھی محدود صارفین کو دستیاب ہے۔

ابھی اس طرح کی متحرک تصاویر کو واٹس ایپ میں بھیجنے کے لیے صارفین کو تھرڈ پارٹی ایپس کی مدد لینا پڑتی ہے، مگر اس نئے فیچر سے آپ واٹس ایپ میں ہی اپنی پسند کی GIF تصاویر تیار کرکے دوستوں سے شیئر کرسکیں گے۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ فیچر کب تک تمام صارفین کو متعارف کرایا جائے گا، مگر توقع ہے کہ ایسا بہت جلد ہوگا۔