لاہور: (ویب ڈیسک) سیاروں کو دیکھنے کے شوقین افراد کو ایک بار پھر آسمان پر 6 سیاروں کو بیک وقت دیکھنے کا موقع مل گیا۔
20 اگست کو آپ 6 سیاروں کو آسمان پر دیکھ سکیں گے، اس طرح کا نظارہ سال میں ایک یا 2 بار دیکھنے میں آتا ہے اور اس سے قبل فروری میں 7 سیارے بیک وقت آسمان پر دیکھنے میں آئے تھے۔
عطارد، زہرہ، مشتری، زحل، یورینس اور نیپچون آسمان پر نظر آئیں گے اور اس نظارے کے لیے پلانیٹ پریڈ کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے۔
مریخ بھی تکنیکی طور پر رات کے آغاز پر آسمان پر ہوگا مگر وہ سورج غروب ہوتے ہی افق میں بہت نیچے چلا جائے گا جس کے باعث وہ دیگر سیاروں کے ساتھ نظر نہیں آئے گا، عطارد، زہرہ اور مشتری کو دوربین کے بغیر دیکھنا ممکن ہوگا، یورینس، نیپچون اور زحل کو دیکھنے کے لیے دوربین یا ٹیلی اسکوپ کی ضرورت ہوگی۔
یہ سیارے مشرقی اور جنوبی افق میں نظر آئیں گے اور زیادہ تر جوڑوں کی شکل میں ہوں گے جس کے باعث انہیں تلاش کرنا بہت آسان ہوگا، عطارد مشرقی افق میں سورج طلوع ہونے سے قبل نظر آئے گا، جبکہ زہرہ بھی مشرقی آسمان پر ہی موجود ہوگا، مشتری بھی زہرہ کے قریب موجود ہوگا جبکہ زحل اور نیپچون ایک دوسرے کے قریب ہی جنوبی افق پر موجود ہوں گے۔
ماہرین کے مطابق متعدد سیاروں کو ایک قطار میں دیکھنا ہمیشہ ایک خصوصی نظارہ ہوتا ہے اور اس سے ہمیں نظام شمسی کی خوبصورتی اور وسعت کا اندازہ ہوتا ہے۔