گوگل کو کروم براؤزر کی فروخت کیلئے 34.5 ارب ڈالرز کی پیشکش

Published On 13 August,2025 05:27 pm

کیلی فورنیا:(دنیا نیوز) ریکی ریگولیٹرز کے دباؤ کے باعث ہوسکتا ہے کہ مستقبل قریب میں گوگل اپنے مقبول کروم ویب براؤزر کو فروخت کرنے پر مجبور ہو جائے۔

ایسا کب تک ہوگا یہ تو معلوم نہیں مگر گوگل کو ابھی سے کروم کے لیے ریکارڈ آفر موصول ہوگئی ہے۔

امریکی جریدے کی ایک رپورٹ کے مطابق Perplexity اے آئی نامی کمپنی نے گوگل کو کروم براؤزر خریدنے کے لیے 34.5 ارب ڈالرز کی پیشکش کی ہے، یہ پیشکش کئی وجوہات کے باعث حیران کن ہے۔

سب سے حیران کن بات تو یہ ہے کہ Perplexity اے آئی کمپنی کی اپنی مالیت محض 18 ارب ڈالرز ہے اور اس نے کروم کو خریدنے کے لیے اپنی قدر سے لگ بھگ دوگنا رقم کی پیشکش کر دی ہے۔

کروم کی اپنی قدر کتنی ہے تو یہ معلوم نہیں مگر کچھ تخمینوں کے مطابق دنیا کے مقبول ترین ویب براؤزر کی مالیت 20 سے 50 ارب ڈالرز کے درمیان ہوسکتی ہے،Perplexit اے آئی کو آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) پر مبنی سرچ انجن کے لیے جانا جاتا ہے مگر اس نے حال ہی میں ایک اے آئی براؤزر کومٹ متعارف کرایا تھا۔

مزید برآں رپورٹ میں بتایا گیا کہ Perplexity اے آئی کی جانب کو متعدد وینچر کیپیٹل فنڈز اور دیگر سرمایہ کاروں کا ساتھ حاصل ہے جس کے باعث اس نے کروم کو خریدنے کے لیے گوگل کو پیشکش کی جبکہ اوپن اے آئی کی جانب سے بھی گوگل کروم کو خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ امریکی محکمہ انصاف نے گوگل کے خلاف اجارہ داری کے حوالے سے مقدمہ دائر کیا تھا اور گوگل کو اس میں شکست کا سامنا ہوا۔