امریکی حکومت میں 3 لاکھ نوکریاں ختم کرنے کی تیاری، ٹرمپ نے آگاہ کر دیا

Published On 15 August,2025 10:34 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی حکومت میں 3 لاکھ نوکریاں ختم کرنے کی تیاری کی جارہی ہے، ٹرمپ انتظامیہ نے منصوبے سے آگاہ کردیا۔

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے نئے ہیومن ریسورس سربراہ نے کہا ہے کہ رواں سال وفاقی حکومت میں تقریباً 3 لاکھ ملازمین کم کرنے کا امکان ہے، جو جنوری سے اب تک عملے میں 12.5 فیصد کمی کے برابر ہو گی۔

آفس آف پرسنل مینجمنٹ کے ڈائریکٹر سکاٹ کوپر کے مطابق ان میں سے 80 فیصد ملازمین رضاکارانہ طور پر استعفیٰ دیں گے جبکہ 20 فیصد کو برطرف کیا جائے گا۔

یہ تعداد اس 1 لاکھ 54 ہزار ملازمین سے تقریباً دُگنی ہے جس کے بارے میں خبر رساں ادارے نے گزشتہ ماہ رپورٹ کیا تھا کہ انہوں نے مالی مراعات کے بدلے قبل از وقت ریٹائرمنٹ لی۔

یاد رہے کہ صدر ٹرمپ نے جنوری میں دوسری مدت صدارت سنبھالتے ہی 24 لاکھ کے قریب وفاقی سویلین عملے کو کم کرنے کی مہم شروع کی تھی۔