نیویارک: (ویب ڈیسک) گوگل نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی فلائٹس سروس میں ایک نیا اے آئی فیچر ’فلائٹ ڈیلز‘ متعارف کرا رہا ہے، جس کا مقصد بجٹ پر سفر کرنے والوں کو سستے ٹکٹ تلاش کرنے میں مدد دینا ہے۔
یہ فیچر مختلف ممالک میں آئندہ ہفتے سے دستیاب ہوگا، اس کے ذریعے صارفین صرف اپنی سفری خواہشات عام زبان میں لکھ سکیں گے، جیسے کسی دوست سے بات کر رہے ہوں، مثال کے طور پر کوئی لکھے کہ ’میں اگلے مہینے دبئی جانا چاہتا ہوں، سب سے سستی فلائٹ دکھائیں‘، تو یہ فیچر فوراً مناسب اور سستی فلائٹس کی فہرست فراہم کرے گا۔
گوگل کے مطابق اب صارفین کو بار بار تاریخیں اور فلٹرز بدلنے کی ضرورت نہیں رہے گی، بلکہ اے آئی خودکار طریقے سے کم قیمت آپشنز سامنے لے آئے گا، یہ فیچر فلائٹ کی اصل قیمتوں کو ریئل ٹائم میں دیکھ کر سب سے بڑی بچت والے ٹکٹ تجویز کرے گا۔
اس سروس کیلئے کسی خاص سائن اپ یا رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہے، صارفین براہِ راست گوگل فلائٹس کے ’فلائٹ ڈیلز‘ پیج یا مینو سے اس کو استعمال کر سکیں گے۔
یاد رہے کہ گوگل فلائٹس 2011 سے چل رہی ہے اور اب اسے مزید بہتر بنایا جا رہا ہے، نئی اپ ڈیٹ میں امریکا اور کینیڈا کے صارفین یہ بھی طے کر سکیں گے کہ وہ صرف بہتر کلاس کے ٹکٹ دیکھنا چاہتے ہیں یا بیسک اکانومی کو نکال دینا چاہتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ دیگر کمپنیاں جیسے ایکسپیڈیا، بکنگ ڈاٹ کام اور میک مائی ٹرپ پہلے ہی اے آئی پر مبنی فیچرز متعارف کرا چکی ہیں، لیکن گوگل کا اس میدان میں آنا مقابلے کو مزید سخت کر دے گا۔
دوسری جانب یورپ میں گوگل پر یہ سوال بھی اٹھ رہا ہے کہ کہیں وہ اپنی طاقت کے ذریعے دیگر کمپنیوں کو پیچھے تو نہیں دھکیل رہا۔