کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) ایپل کی جانب سے ستمبر میں آئی فون 17 سیریز کو متعارف کرایا جائے گا مگر نئی لیک میں ایپل کے اولین فولڈ ایبل آئی فون کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
بلومبرگ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایپل کا پہلا فولڈ ایبل آئی فون 2026 میں متعارف کرایا جائے گا جس کا نام کمپنی کے اندر وی 68 رکھا گیا ہے۔
ایپل کی اس ڈیوائس کا ڈیزائن سام سنگ کے گلیکسی زی فولڈ سے ملتا جلتا ہوگا، یعنی یہ بک سٹائل فولڈ ایبل فون ہوگا جس کے ڈسپلے کو کسی کتاب کی طرح کھولا یا بند کیا جائے گا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ فولڈ ایبل آئی فون میں مجموعی طور پر 4 کیمرے دیے جائیں گے، ایک کیمرا فرنٹ پر ہوگا، ایک فون کے اندر جبکہ 2 کیمرے ڈیوائس کے بیک پر ہوں گے۔
موجودہ آئی فونز کے برعکس اس نئی ڈیوائس میں فیس آئی ڈی کی جگہ ٹچ آئی ڈی کو استعمال کیا جائے گا، اسی طرح فون میں سم کارڈ سلاٹ موجود نہیں ہوگی بلکہ ای سم سپورٹ پر انحصار کیا جائے گا۔
کمپنی کی جانب سے 2026 کی دوسری ششماہی کے دوران اس نئے فولڈ ایبل آئی فون کو آئی فون 18 سیریز کے ساتھ پیش کیا جائے گا، پہلا فولڈ ایبل آئی فون 7.9 سے 8.3 انچ تک بڑا ہوسکتا ہے، یہ ایپل کی تاریخ کا سب سے مہنگا فون بھی ہوگا جس کی قیمت 2 سے 3 ہزار ڈالرز کے درمیان ہوسکتی ہے۔
خیال رہے کہ ایپل کی جانب سے کسی نئی ٹیکنالوجی کو اپنانے میں جلد بازی نہیں کی جاتی اور اس کے بہتر ہونے کا انتظار کیا جاتا ہے۔