انسٹا گرام ویڈیوز کے لیے ایک نیا دلچسپ فیچر متعارف

Published On 22 August,2025 06:18 pm

کیلی فورنیا:(ویب ڈیسک )انسٹا گرام نے ویڈیوز کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے۔

انسٹا گرام کے اس نئے فیچر کے ذریعے صارفین مختلف ریلز ویڈیوز کو ایک دوسرے سے لنک یا منسلک کرسکیں گے،آسان الفاظ میں ایک ریل ویڈیو کو مختلف حصوں میں تقسیم کرکے پوسٹ کرنے پر انہیں ایک ساتھ لنک کیا جاسکے گا تاکہ ناظرین انہیں آسانی سے دیکھ سکیں۔

یہ کچھ قسط وار ڈراموں جیسا ہوگا جس میں پہلی، دوسری، تیسری یا چوتھی ویڈیو کو دیکھا جاسکے گا۔

صارفین کسی موضوع یا تھیم پر مبنی ویڈیوز کو ایک دوسرے سے منسلک کرسکیں گے تاکہ ناظرین انہیں مسلسل دیکھ سکیں، یہ فیچر صرف نئی ویڈیوز کے لیے ہی نہیں بلکہ ماضی میں پوسٹ کی جانے والی ریلز ویڈیوز کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

اس طرح صارفین کو نئی ویڈیو کے ساتھ ماضی کی متعلقہ ویڈیوز کو لنک کرنے کی سہولت ملے گی اور ناظرین ایک کے بعد دوسری ویڈیو کو آسانی سے دیکھ سکیں گے۔

مگر یہ فیچر سبسکرائبرز تک محدود ریلز پر استعمال نہیں کیا جاسکے گا، اسی طرح جو افراد اپنی ویڈیوز کو قریبی دوستوں تک محدود رکھتے ہیں وہ بھی اسے استعمال نہیں کرسکیں گے۔