کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) گوگل نے اپنی مشہور ایپ گوگل فوٹوز میں نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق گوگل فوٹوز میں ایک نیا فیچر شامل کیا گیا ہے، جس کے ذریعے صارفین اب صرف بول کر یا لکھ کر اپنی تصاویر ایڈٹ کر سکیں گے۔
صارفین اس فیچر کی مدد سے صرف ایک جملہ کہیں گے اور گوگل فوٹوز تصویر میں تبدیلی کر دے گا، مثال کے طور پر اگر صارف کہے کہ پس منظر سے گاڑیاں ہٹا دو یا اس پرانی تصویر کو بہتر بناؤ، تو ایپ خود ہی تبدیلی کر دے گی۔
اگر صارف کو سمجھ نہ آئے کہ کیا کہنا ہے تو صرف یہ لکھ دیں کہ بہتر بنا دو اور گوگل فوٹوز خودکار طور پر تصویر کو خوبصورت بنا دے گا۔
یہ فیچر روشنی درست کرنے، غیر ضروری چیزیں ہٹانے، پس منظر بدلنے اور یہاں تک کہ تصویر میں نئی چیزیں شامل کرنے جیسی تبدیلیاں بھی کر سکتا ہے، مثال کے طور پر کسی تصویر میں دھوپ کے چشمے یا پارٹی ہیٹ بھی شامل کی جاسکتی ہے۔
مذکورہ فیچر سب سے پہلے امریکا میں پکسل 10 فونز پر دستیاب ہوگا۔
مزید یہ کہ گوگل نے اعلان کیا ہے کہ پکسل 10 فونز میں سی 2 پی اے کونٹینٹ کریڈینشئلز کا بھی اضافہ کیا گیا ہے، جس سے صارفین کو پتا چل سکے گا کہ تصویر میں کسی جگہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) استعمال ہوئی ہے یا نہیں۔
یہ سہولت پہلے پکسل 10 میں آئے گی اور پھر آئندہ ہفتوں میں باقی اینڈرائیڈ اور آئی فونز پر بھی فراہم کی جائے گی۔