کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے اپنے کراؤڈ سورسڈ فیکٹ چیکنگ پروگرام کمیونٹی نوٹس کیلئے چند نئی خصوصیات متعارف کرا دیں۔
فیکٹ چیکنگ کمیونٹی نوٹسز فیچر کو رواں برس کے آغاز میں امریکا میں متعارف کرایا گیا تھا اور اب اس میں مزید خصوصیات پیش کر دی گئیں۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق اب فیچر کے تحت صارفین فیس بک، انسٹاگرام اور تھریڈز پر کی گئی اپنی پوسٹ پر کمیونٹی نوٹس کا نوٹی فکیشن حاصل کر سکیں گے، اسی طرح اب صارف نوٹ کی درخواست کرنے کے ساتھ ساتھ یہ بھی بتا سکے گا کہ پوسٹ پر کیا گیا نوٹ مددگار ہے یا نہیں؟، مذکورہ فیچر تک محدود صارفین کو آزمائشی بنیادوں پر رسائی دی گئی ہے۔
میٹا کے چیف انفارمیشن سکیورٹی افسر کے مطابق لانچ کے بعد سے اب تک 70 ہزار کنٹری بیوٹرز نے 15 ہزار نوٹس لکھے ہیں لیکن ان میں سے صرف 6 فیصد ہی شائع ہوئے ہیں، امریکا جیسی بڑی مارکیٹ میں یہ شرح ابھی بھی بہت کم ہے۔
فیس بک پر کمیونٹی نوٹس کا نظام ایکس کے 2021 میں متعارف کردہ ماڈل سے ملتا جلتا ہے، تاہم ایکس کے نوٹس نظام پر تنقید بھی کی گئی کہ یہ بروقت اور بڑے پیمانے پر غلط معلومات کو نہیں روک پاتا۔
ایکس کے مقابلے فیس بک کا نوٹس سسٹم میں اس وقت شامل ہوتا ہے جب مختلف نظریات رکھنے والے صارفین کسی ایک رائے پر متفق ہوں۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ اتفاقِ رائے حاصل کرنا ہمیشہ آسان نہیں ہوتا اور غلط معلومات اکثر درست معلومات سے قبل ہی وائرل ہو جاتی ہے۔
فیس بک نے کمیونٹی نوٹسز کو اپنے فیکٹ چیکنگ نظام کی جگہ متعارف کرایا ہے، سوشل ویب سائٹ نے فیکٹ چیکنگ منصوبہ ختم کرنے کا اعلان کر رکھا ہے، تاہم متعدد اداروں نے میٹا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فیکٹ چیکنگ منصوبہ دوبارہ جاری رکھے۔