امیج ایڈیٹنگ میں گوگل جیمینائی نے چیٹ جی پی ٹی کو پیچھے چھوڑ دیا

Published On 15 September,2025 09:00 pm

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) نئے امیج ایڈیٹنگ فیچر نے گوگل کے اے آئی پلیٹ فارم جیمینائی کو امریکا اور برطانیہ میں چیٹ جی پی ٹی کے مقابلے میں زیادہ مقبول آئی فون ایپ بنا دیا۔

اگست کے آخر میں لانچ ہونے والے جیمینائی 2.5 فلیش امیج ماڈل نینو بنانا کی مقبولیت میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہوا ہے۔ صارفین نے دو ہفتوں کے دوران اس ماڈل کو استعمال کرتے ہوئے 50 کروڑ سے زیادہ تصاویر بنائی ہیں۔

فیچر کی لانچنگ کے بعد گوگل جیمینائی امریکا میں اوپن اے آئی کی چیٹ جی پی ٹی اور میٹا کی تھریڈز ایپ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایپل کی ٹاپ فری ایپس چارٹ میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔جبکہ برطانیہ میں جیمینائی چیٹ جی پی ٹی اور شاپنگ ایپ ٹیمو سے آگے نکل گیا ہے۔

26 اگست کو جب گوگل نے جیمینائی کی اپ ڈیٹس کا اعلان کیا تھا، تو اس وقت کمپنی نے امیج جنریشن اور ایڈیٹنگ ماڈل کو ’اسٹیٹ-آف-دی-آرٹ‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ پلیٹ فارم ایسے کام بھی کر سکتا ہے جو حریف کمپنی نے ابھی سوچے بھی نہیں ہیں۔