پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری چین کو سروسز ایکسپورٹ کرنے میں ناکام

Published On 08 October,2025 10:17 am

اسلام آباد: (ذیشان یوسفزئی) پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری چین کی بڑی منڈی سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہی ہے۔

دستاویزات کے مطابق چین دنیا بھر سے سالانہ 10 ارب ڈالر کی آئی ٹی سروسز درآمد کرتا ہے تاہم پاکستان کا اس میں حصہ صفر ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چینی وزیر اعظم کو خط لکھا ہے۔

خط میں وزیر اعظم نے مطالبہ کیا ہے کہ آئی ٹی کے شعبے میں پاکستان کے مسائل حل کیے جائیں، پاکستانی کمپنیوں کی مدد کی جائے، چائنیز سرکاری کمپنیوں (SOEs) کے ساتھ پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کے روابط قائم کیے جائیں، خاص طور پر مشین لرننگ اور مصنوعی ذہانت (AI) کے شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے۔

اعداد و شمار کے مطابق پاکستان اس وقت دنیا بھر میں تقریباً 2.5 ارب ڈالر کی آئی ٹی سروسز ایکسپورٹ کر رہا ہے تاہم چین کو کوئی براہِ راست آئی ٹی ایکسپورٹ نہیں کی جاتی۔

ماہرین کے مطابق اگر پاکستان چین کے ساتھ ٹیکنالوجی تعاون کو وسعت دے تو آئی ٹی سیکٹر میں اربوں ڈالر کی نئی راہیں کھل سکتی ہیں۔