ایکس کا صارفین کے پروفائلز میں مزید معلومات شامل کرنے کا اعلان

Published On 17 October,2025 08:33 am

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس نے صارفین کے پروفائلز میں مزید معلومات شامل کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ لوگ آسانی سے سمجھ سکیں کہ وہ کس سے بات کر رہے ہیں۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق یہ نیا فیچر اس لئے متعارف کرایا جا رہا ہے کیونکہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے ایسے بوٹس بنانا آسان ہوگیا ہے جو انسانوں کی طرح بات کر سکتے ہیں، ایکس کا مقصد یہ ہے کہ صارفین یہ جان سکیں کہ جو شخص ان سے بات کر رہا ہے وہ اصلی ہے یا نہیں۔

اس فیچر کے تحت صارف کے پروفائل پر درج ذیل معلومات دکھائی جائیں گی، جیسے اکاؤنٹ کب بنایا گیا، صارف کہاں سے تعلق رکھتا ہے، صارف نے اپنا یوزرنیم کتنی بار تبدیل کیا اور صارف ایکس کا استعمال کس طرح کر رہا ہے۔

مثال کے طور پر اگر کسی کی پروفائل پر یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ امریکا میں ہے، لیکن پروفائل کی معلومات سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ کسی اور ملک سے ہیں، تو یہ اس کی شناخت کو مشکوک بنا سکتا ہے۔

ایکس اس فیچر کی آزمائش اگلے ہفتے اپنے کچھ ملازمین کی پروفائلز پر کرے گا تاکہ فیڈبیک حاصل کیا جا سکے۔

بعد ازاں صارفین کے پاس یہ اختیار بھی ہوگا کہ آیا وہ یہ معلومات دکھانا چاہتے ہیں یا نہیں، لیکن اگر وہ ایسا کریں گے تو ان کا پروفائل اس بات کو ظاہر کرے گا۔