سپاٹیفائی اور اوپن اے آئی نے صارفین کیلئے نیا فیچر متعارف کرادیا

Published On 14 October,2025 08:28 am

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) سپاٹیفائی اور اوپن اے آئی نے صارفین کیلئے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے اب اپنی پسند کی موسیقی اور پوڈکاسٹ کی پلے لسٹ بنانا بہت آسان ہوگیا۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق اوپن اے آئی نے سپاٹیفائی کے ساتھ شراکت داری کا اعلان کیا ہے جس سے صارفین کو چیٹ جی پی ٹی کے ذاتی نوعیت کی موسیقی اور پوڈکاسٹ کی سفارشات حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔

صارفین چیٹ جی پی ٹی میں سپاٹیفائی کا ذکر کرتے ہوئے اپنی درخواست شروع کر سکتے ہیں، پہلی بار ایسا کرنے پر ایک بٹن ’یوز سپاٹیفائی فار دس آنسر‘ ظاہر ہوگا جس پر کلک کر کے صارفین اپنے سپاٹیفائی اکاؤنٹ کو چیٹ جی پی ٹی سے منسلک کر سکتے ہیں۔

منسلک ہونے کے بعد چیٹ جی پی ٹی صارف کی پسندیدہ موسیقی، موڈ یا مخصوص مواقع کے مطابق پلے لسٹ، گانے یا پوڈکاسٹ تجویز کر سکتا ہے۔

یہ فیچر سپاٹیفائی کے مفت اور پریمیم دونوں صارفین کیلئے دستیاب ہے جبکہ پریمیم صارفین کو زیادہ ذاتی نوعیت کی سفارشات ملتی ہیں، صارفین اپنے سپاٹیفائی اکاؤنٹ کو چیٹ جی پی ٹی سے کسی بھی وقت منقطع کر سکتے ہیں۔

سپاٹیفائی نے واضح کیا ہے کہ صارفین کا ڈیٹا مکمل طور پر محفوظ ہے اور اس کا استعمال صرف ذاتی نوعیت کی سفارشات کیلئے کیا جاتا ہے، یہ فیچر 6 اکتوبر 2025 کو متعارف کرایا گیا اور دنیا بھر کے 145 سے زائد ممالک بشمول پاکستان میں دستیاب ہے۔