ابوظہبی : (ویب ڈیسک) کیلیفورنیا یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (کالٹیک) نے ابوظہبی میں ٹیکنالوجی انوویشن انسٹی ٹیوٹ کے تعاون سے تین سال کی مسلسل ترقی کے بعد ایک انقلابی روبوٹک نظام کی نقاب کشائی کر دی ہے جو چلنے، اڑنے اور ڈرائیونگ کو ایک ہی ڈیوائس میں یکجا کرتا ہے۔
ابوظہبی میں پیش کئے گئے نئے روبوٹ کو ایکس ون کا نام دیا گیا ہے، پہلی نظر میں یہ عام طور پر چلنے والا ایک بائی پیڈل روبوٹ دکھائی دیتا ہے لیکن حیرت اس وقت شروع ہوتی ہے جب اسے کسی رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس موقع پر اس کا بیک پیک اسے ایک ایسے ڈرون میں تبدیل کرنے کے لیے الگ ہو جاتا ہے جو جھیل یا رکاوٹ کے اوپر منڈلا سکتا ہے، دوسری طرف اترنے سے پہلے پہیوں کو کھول کر یہ ایک چھوٹی گاڑی میں تبدیل ہو جاتا ہے۔
محققین اس نظام کو بے مثال صلاحیتوں کے ساتھ تبدیل کرنے والا روبوٹ قرار دیا ہے، یہ ماحول کی نوعیت اور اسے درپیش رکاوٹوں پر منحصر ہوتا ہے کہ روبوٹ نے چلنا، اڑنا یا ڈرائیونگ کرنا ہے، روبوٹ لوکوموشن کے سب سے مناسب ذرائع کا انتخاب کر سکتا ہے۔
اس اختراع کی اہمیت ریسکیو اور ایکسپلوریشن میں اس کے استعمال کی صلاحیت میں مضمر ہے، زلزلے یا قدرتی آفات جیسے منظرناموں میں اس روبوٹ کو منہدم یا خطرناک علاقوں میں بھیجا جا سکتا ہے تاکہ وہ بچ جانے والوں کی تلاش کرے اور ان رکاوٹوں کو دور کر سکے جنہیں انسان یا روایتی روبوٹ عبور نہیں کر سکتے۔
تحقیقی ٹیم اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ اگلے مرحلے کا مقصد سسٹم کی مصنوعی ذہانت کی صلاحیتوں کو بڑھانا ہے تاکہ یہ کام کو تفصیلی ہدایات کی ضرورت کے بغیر انجام دے سکے، مزید یہ ارد گرد کے ماحول کو سمجھنے اور کام کو پورا کرنے کے بہترین طریقوں کی نشاندہی کی بنیاد پر بھی کام کر سکے، مستقبل میں مشکل میدانی چیلنجوں کا سامنا کرنے میں یہ روبوٹ انسانوں کا حقیقی ساتھی بن سکتا ہے۔