ممبئی: (دنیا نیوز) انڈیا نے اپنی تاریخ کا سب سے وزنی مواصلاتی سیٹلائٹ خلا میں بھیج دیا۔
سیٹلائٹ ’سی ایم ایس-03‘ کو جنوبی ریاست آندھرا پردیش کے خلائی مرکز سری ہری کوٹا سے مقامی وقت کے مطابق شام پانچ بجکر 26 منٹ پر لانچ کیا گیا۔
انڈین وزیر اعظم نریندر مودی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہم اپنے خلائی شعبے پر مسلسل فخر محسوس کر رہے ہیں، مودی نے اعلان کر رکھا ہے کہ انڈیا 2040ء تک اپنے خلا باز کو چاند پر بھیجے گا۔
خلائی تحقیق کے انڈین ادارے (آئی ایس آر او) کے مطابق ’سی ایم ایس-03‘ کا وزن تقریباً 4410 کلوگرام ہے، جو انڈیا کی تاریخ کا سب سے بھاری مواصلاتی سیٹلائٹ ہے۔
انڈین بحریہ نے بتایا کہ یہ سیٹلائٹ بحری جہازوں، طیاروں اور آبدوزوں کے درمیان محفوظ مواصلاتی رابطہ قائم کرنے میں مددگار ثابت ہو گا۔
یہ سیٹلائٹ 43.5 میٹر (143 فٹ) بلند ’ایل وی ایم 3-ایم 5‘ راکٹ کے ذریعے مدار میں بھیجا گیا جو اس جدید راکٹ کی بہتر شکل ہے، جس نے 2023 میں انڈیا کا بغیر خلا باز والا مشن کامیابی سے چاند پر اتارا تھا۔



