نیویارک: (ویب ڈیسک) ٹیکنالوجی کی دنیا میں میٹا نے فیس بک کے صارفین کیلئے ایک اہم تبدیلی متعارف کراتے ہوئے گروپس میں نئی شناخت کے ساتھ حصہ لینے کا فیچر جاری کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق اس فیچر کی مدد سے اب صارفین اپنے اصل نام کے بجائے اپنے منتخب کردہ نک نیم اور اوتار کے ساتھ پوسٹس کر سکیں گے، جس سے انہیں زیادہ پرائیویسی اور آزادی ملے گی، اس سے قبل صارفین صرف اپنے اصل نام یا گم نامی انداز میں ہی حصہ لے سکتے تھے۔
کمپنی کے مطابق یہ سہولت اسی وقت فعال ہوگی جب گروپ کا ایڈمن اسے خود آن کرے گا اور بعض گروپس میں نک نیم کی منظوری بھی لازمی ہو سکتی ہے۔

ایک بار اجازت ملنے کے بعد صارفین اپنی مرضی سے اصلی نام یا نک نیم کے درمیان بآسانی تبدیلی کر سکیں گے البتہ نک نیم کا میٹا کے کمیونٹی قواعد کے مطابق ہونا لازمی ہے، اس نئے فیچر کے دوران صارفین کو مختلف اوتار تصاویر بھی فراہم کی جائیں گی جن میں چشمہ لگائے جانوروں کی دلچسپ تصاویر شامل ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ اضافہ فیس بک گروپس میں صارفین کی شمولیت بڑھانے کی ایک اور کوشش ہے اور اس سے لوگ زیادہ اعتماد سے گفتگو اور پوسٹنگ کر سکیں گے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ نک نیم اور اوتار کی سہولت نئے گروپس کو دریافت کرنے اور بلا جھجھک پوسٹ کرنے کی حوصلہ افزائی کرے گی۔



