سعودی عرب: بچوں کو اگلی نشست پر بٹھانا جرم

Last Updated On 13 March,2018 10:30 am

ریاض(نیٹ نیوز) سعودی حکومت نے ٹریفک قوانین میں سختی کرتے ہوئے چھوٹے بچوں کو گاڑی کی اگلی سیٹ پر بٹھانے کی پابندی عائد کردی تاکہ حادثات سے محفوظ رہا جاسکے۔ عرب میڈیا کے مطابق ٹریفک پولیس کی جانب سے بچوں کو اگلی نشست پر بیٹھانے کی اچانک پابندی عائد کیے جانے کے بعد شہری پریشان ہیں اور وہ اب جرمانے سے بچنےکے لیے اہل خانہ کو بھی باہر لے کر نہیں جا رہے۔

حکومت کی جانب سے بچوں کو اگلی نشست پر بیٹھانے کی پابندی سے متعلق عمر کا اعلان نہیں کیا گیا تھا تاہم گزشتہ روز ٹریفک پولیس نے اعلامیے جاری کرتے ہوئے عوام کو آگاہ کیا کہ 10 برس سے کم عمر بچوں کو اگلی نشست پر بیٹھانا قانوناً جرم ہوگا۔

ٹریفک پولیس اعلامیے میں جرمانے کی سزا کے حوالے سے کوئی تفصیل فراہم نہیں کی گئی مگر امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اس خلاف ورزی پر کم از کم ایک ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ سعودی حکومت کی منظوری کے بعد کل یعنی پیر سے ٹریفک پولیس جدید ٹیکنالوجی پر مبنی خود کار نظام کا آغاز کرنے جارہی ہے جس کے تحت سیٹ بیلٹ نہ باندھنے اور ڈرائیونگ کے دوران موبائل استعمال کرنے والوں پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

ابتدائی طور پر ریاض، جدہ اور دمام میں جدید ٹیکنالوجی والا نظام متعارف کروایا جارہا ہے اور کامیاب تجربے کے بعد اسے دوسرے شہروں تک بڑھایا جائے گا۔