واشنگٹن: (روزنامہ دنیا) بحر منجمد شمالی میں رہنے والی وہیل 'بو ہیڈ' سے متعلق حیران کن انکشاف ہوا ہے کہ وہ سمندر کی تاریک تہہ میں ہر سال ایک نیا گانا تیار کرتی ہے اور پورا سال اسے گنگناتی ہے۔
یوں تو وہیل سمندر کی تہہ میں دو مختلف طرح کی آوازیں نکالتی ہے جو سننے والوں کو ایک گانے کی طرح محسوس ہوتی ہے لیکن حیران کن طور پر وہیل ہر سال ایک نیا گانا ایجاد کر لیتی ہے ۔ واشنگٹن یونیورسٹی کی پروفیسر کیٹے سٹیفورڈ نے اپنی ساتھیوں کے ہمراہ سمندر کی تہہ میں درجنوں وہیل کی حرکات کا مطالعہ کیا۔
مطالعے میں دیکھا گیا کہ وہیل یہ نغمے اپنے ساتھیوں کو متوجہ کرنے کے لیے گنگناتی ہے جن کے ساتھ وہ کچھ وقت گزارنا چاہتی ہے ان کا یہ طرز عمل انہیں نہ صرف دیگر وہیلز بلکہ ممالیہ جانوروں میں بھی منفرد مقام دلاتا ہے۔ پروفیسر کیٹے کا کہنا تھا کہ وہیل ایک دوسرے کو مخاطب کرنے کے لیے کلاسیکل گلوگار کی طرح سُر اور لے پیدا کرتی ہے گو یہ نغمے 2 منٹ کے دورانئے کے ہوتے ہیں لیکن یہ دورانیہ بار بار دہرایا جاتا ہے۔