روم: (روزنامہ دنیا) گھنٹوں کے فضائی سفر میں نشست پر جم کر بیٹھنے سے اکتا جانیوالوں کیلئے اچھی خبر ہے کہ اب جہاز میں کھڑے ہو کر سفر کرنے کیلئے نشستیں تیار کرلی گئی ہیں۔
گھنٹوں کے فضائی سفر میں نشست پر جم کر بیٹھنے سے اکتا جانیوالوں کیلئے اچھی خبر ہے کہ اب جہاز کیلئے ایسی نشستیں تیار کر لی گئی ہیں جس میں وہ کھڑے ہو کر بھی سفر کرسکیں گے۔جہازوں کی سیٹیں بنانیوالی ایک اطالوی کمپنی نے اکانومی کلاس کی نئے ڈیزائن والی نشستیں بنائی ہیں جو نہ صرف اونچائی میں پرانی سیٹوں سے بڑی ہیں بلکہ جگہ بھی کم گھیرتی ہیں۔
کمپنی نے نئے ڈیزائن والی نشستوں کو سکائی رائیڈر کا نام دیا ہے جسکی تنصیب سے اکانومی کلاس کیبن میں مسافروں کی تعداد 20 فیصد بڑھ جائیگی کیونکہ ڈیزائن کی مناسبت سے یہ کم جگہ گھیرتی ہیں جبکہ ٹانگیں لمبی کرنے کیلئے ملنے والا فاصلہ 28 انچ سے گھٹ کر 23 انچ رہ جائیگا جس سے ایئرلائن کو مزید منافع ملے گا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ نئی سیٹوں کا وزن دیگر کلاس کی نشستوں سے نصف ہے جبکہ اسکی مرمت اور صفائی ستھرائی کے اخراجات بھی پرانی سیٹوں سے کم ہیں۔