نیویارک(نیٹ نیوز) امریکہ کی ایک نرس بیکنگ کی ماہر ہیں لیکن زخمی مریضوں کا اثر ان کی طبعیت پر بھی پڑا ہے کیونکہ وہ ایسے عجیب و غریب اور ہیبت ناک کیک تیار کرتی ہیں جسے دیکھ کر انسان خوفزدہ ہوجائے لیکن وہ کھانے میں بہت لذیذ ہوتے ہیں۔
عموماً کیک دیکھنے میں آنکھوں کو بھلے لگتے ہیں جن پر خوبصورت پھول پتیاں اور ڈیزائن بنائے جاتے ہیں لیکن نرس کیتھرائن ڈے کے کیک کو دیکھتے ہی کراہت محسوس ہوتی ہے ۔ سب سے پہلے انہوں نے اپنے شوہر کے سر کا ایک کیک تیار کیا جو ہو بہو ان کے شوہر کے چہرے سے ملتا ہے ۔
جب خاتون کے شوہر کے چہرے کا کیک کاٹا گیا تو اندر کی سطحیں بھی حقیقت سے قریب نکلیں۔ خاتون کی ایک اور تخلیق بکرے کا چھلا ہوا سر ہے جس میں انہوں نے بکرے کی زبان کو بہت حیرت انگیز تفصیل کیساتھ تیار کیا ہے۔
اسے دیکھ کر لگتا ہے کہ بکرے کی کھوپڑی کی کھال کھرچ کھرچ کر اتاری گئی ہے خاتون کے تیار کردہ ایک اور کیک میں کبوتر بیٹھا نظر آرہا ہے اور یہ بھی کیک کے بجائے کھلونا کبوتر لگتا ہے ۔ اس کے نیچے نرم ملائم اور مزیدار کیک موجود ہے۔