لاس اینجلس (دنیا نیوز ) امریکا کے شہر لاس اینجلس میں ڈزنی کے پرانے جھولوں کی نیلامی کی گئی جو توقع سے کئی گنا زیادہ تراسی لاکھ ڈالر میں فروخت ہوئے، ہاتھی کے بچے ڈمبو کی بولی چار لاکھ تراسی ہزار ڈالر لگی۔
ڈزنی کے تھیم پارک میں لگی نو سو اشیا کی نیلامی کی گئی، ان میں جھولے، گاڑیاں ،پوسٹر اور دوسری چیزیں شامل ہیں، ڈمبو اندازے سے چار گنا زیادہ قیمت پر فروخت ہوا۔
یہ اشیا رچرڈ کرافٹ کی ملکیت ہیں جنہوں نے پچیس برس پہلے انہیں جمع کرنا شروع کیا تھا۔ اس موقع پر رچرڈ نے کہا کہ انہیں امید نہیں تھی کہ یہ اشیا اتنی مہنگی فروخت ہوں گی۔