ٹوکیو(نیٹ نیوز) دنیا کے معمر ترین شادی شدہ جوڑے نے صبر اور باہمی برداشت کو اپنی 80 سالہ طویل رفاقت کا واحد راز قرار دیا ہے۔ جاپان میں میساؤ اور میاکو ماتسوموتوز کی عمریں بالترتیب 108 اور 100 برس ہیں۔
گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق انہیں بزرگ ترین میاں بیوی قرار دیا گیا ہے ۔ ان دونوں نے اپنی خوشیوں بھری زندگی میں باہمی صبر اور احترام کو کلیدی قرار دیا ہے۔ ماہرینِ نفسیات کے مطابق یہ عادات کسی بھی رشتے کے لئے بنیادی اہمیت رکھتی ہیں۔
گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق یہ جوڑا 1937 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوا ، ان کی پانچ بیٹیاں، 13 نواسے اور 25 نواسیاں ہیں۔ ماتسوموتوز کہتے ہیں کہ ان دونوں نے خوشیوں بھری اور پرسکون زندگی گزاری ہے۔
اگرچہ امریکہ اور دیگر ممالک میں انسان کی اوسط عمر 80 برس تک جاپہنچی ہے لیکن وہاں شادیاں جلد ناکام ہوجاتی ہیں اور طلاق پر منتج ہوجاتی ہیں اسی بنا پر اس جوڑے کو طویل ترین عرصے تک رشتہ ازدواج میں جڑے رہنے والا جوڑا بھی کہا جارہا ہے۔