ایڈن برگ: (روزنامہ دنیا) برطانوی ماہرین نے جینیاتی طور پر تبدیل شدہ مرغیوں سے ایسے انڈے حاصل کرنے میں کامیابی کا دعویٰ کیا ہے جن میں دو عدد پروٹین موجود ہیں جو ہمیں کینسر سمیت کئی امراض سے بچا سکتے ہیں۔
عام طور پر ادویاتی پروٹین حاصل کرنے کیلئے جو طریقہ رائج ہے وہ بہت مہنگا اور مشکل ہوتا ہے۔ ایڈنبرا کے روزلین انسٹی ٹیوٹ میں مرغیوں کو جینیاتی تبدیلی سے گزارا گیا اور اب وہ ایسے انڈے دے رہی ہیں جن میں اینٹی وائرل، انٹی کینسر اثرات والا اور میکروفیج سی ایس ایف پروٹین پایا جاتا ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ ایسے انڈوں کی سفیدی سے پروٹین نکالنے کا طریقہ بہت سادہ ہے ورنہ دیگر طریقوں میں یہ بہت وقت طلب عمل ہوتا ہے۔ مرغیاں عام انداز سے انڈے دیتی ہیں جبکہ صرف تین انڈوں کی سفیدی سے پروٹین کی خاطرخواہ مقدار حاصل کی جا سکتی ہے۔
قبل ازیں ماہرین جینیاتی طور پر تبدیل شدہ بکریوں اور خرگوشوں سے انسانی ضرورت کے معالجاتی پروٹین حاصل کرتے رہے ہیں تاہم مرغیوں والا طریقہ ان میں سب سے موثر اور سادہ ہے۔