لاہور: (روزنامہ دنیا) چھوئی موئی کاپودا چھونے پر اپنے پتے بند کر دیتا ہے لیکن بہت کم لوگوں کو یہ علم ہو گا کہ جولمس چھونے کے بعد اسے نقصان نہ پہنچائے اس کے دوبارہ چھونے پر چھوئی موئی کا پودا اپنے پتے بند نہیں کرتا۔
چھوئی موئی یا حساس پھول کے نام سے مشہور اس پودے کا اصل نام مموسا پڈیکا ہے، اس کا اصل علاقہ لاطینی امریکہ ہے، جنگل اور درختوں کے درمیان اگنے پر اس پودے کی لمبائی 1 میٹر طویل ہوسکتی ہے۔ اسکی خصوصیت پتوں کا بند ہو جانا ہے، یہ ان پودوں کا دفاعی نظام ہے۔
یہ عمل ان خلیات کی وجہ سے ہوتا ہے جو چھونے پر اپنا جمع شدہ پانی تیزی سے خارج کرتے ہیں۔ یہ پتے اس وقت بند نہیں ہوتے جب تیز ہوا چلے یا پانی کا کوئی قطرہ ان پر گر جائے، صرف چھونے پر ہی یہ پتے بند ہو جاتے ہیں۔
ان پودوں کا یہ دفاعی نظام ہمارے اعصابی نظام سے مماثل ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پودے یادداشت بھی رکھتے ہیں، یہ اس لمس کو یاد رکھتے ہیں جو ان کو کوئی نقصان نہیں پہنچاتا اور دوبارہ اس لمس کے چھونے پر پتے بند نہیں ہوتے۔ یہ یاداشت صرف ایک ماہ تک کارآمد رہتی ہے۔ ان کی جڑوں سے ایک ناخوشگوار بو بھی آتی ہے جو زیر زمین انہیں کیڑے مکوڑوں سے محفوظ رکھتی ہے۔