موسمیاتی تبدیلی سے چوہوں کی ایک نسل ناپید ہو گئی

Last Updated On 25 February,2019 09:33 am

لاہور: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا میں چوہوں کی ایک نسل موحولیاتی تبدیلی کا شکار ہو کر صفحہ ہستی سے مٹ گئی، تحفظ جنگلی حیات کے عالمی ادارے کے مطابق تقریبا 3 ہزار جانوروں کو معدومیت کا خطرہ درپیش ہے۔

گریٹ بیرئر ریف کے علاقے میں پائے جانے والی چوہوں کی ایک نسل کے ناپید ہونے کا اعلان آسٹریلوی حکومت نے کیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی سے ناپید ہونے والا یہ پہلا ممالیہ جانور ہے، چوہے سے مشابہت رکھنے والے بریمبل کے میلومیز دنیا کے سب سے بڑے کورل ریف کے شمالی سرے پر واقع ایک ریتلے جزیرے پر ہی پائے جاتے تھے۔ ایک اندازے کے مطابق تقریباً 10 سال پہلے یہ چوہے اسی جزیرے پر درجنوں کی تعداد میں پائے جاتے تھے لیکن حالیہ کی گئی تحقیقات میں اِن کا نام و نشان مٹ گیا ہے۔

مقامی یونیورسٹی کے محققین کا کہنا ہے کہ سطح سمندر سے کم بلندی پر واقع جزیرہ دنیا میں بڑھتے درجہ حرارت کی وجہ سے سمندر کے پانی کی بڑھتی ہوئی سطح میں مسلسل ڈوب رہا ہے، اْنہیں خدشہ ہے کہ اِسی وجہ سے چوہوں کی یہ نسل ناپید ہو گئی۔ جنگلی حیات کے تحفظ کے عالمی ادارے کے مطابق موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے معدومیت کے خطرے سے دوچار جنگلی جانوروں کی فہرست میں شامل تقریباً 3 ہزار جانوروں کو ناپید ہونے کے خطرے کا سامنا ہے۔