بھولنے کی عادت، نوجوان نے کلائی پر شناختی کارڈ بنوا لیا

Last Updated On 25 February,2019 09:23 am

ہنوئی: (روزنامہ دنیا) اپنا شناختی کارڈ نمبر بھول جانے کی عادت میں مبتلا نوجوان نے تصویر سمیت پورا شناختی کارڈ ہی اپنے بازو پر ٹیٹو کے ذریعے گُدوا لیا۔ دیگر ممالک کی طرح ویت نام میں بھی سگریٹ خریدنے، شراب نوشی اور نائٹ کلب میں جانے کیلئے شناختی کارڈ کی ضرورت ہوتی ہے۔

نوجوان نے پورا شناختی کارڈ ہی اپنے بازو کے اندرونی حصے میں ٹیٹو کی شکل میں بنوا لیا ہے۔ ہوچی من سٹی کے رہائشی اس نوجوان کی تصاویر اس وقت سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔ وہ کئی بار اپنا شناختی کارڈ گھر بھول گیا اور نائٹ کلب میں اس کا داخلہ روک دیا گیا کیونکہ وہ خود کو قانونی طور پر 18 برس کا ثابت نہیں کرسکا تھا، اس کے بعد حتمی طور پر اس نے شناختی کارڈ کو بدن کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا۔

وہ ایک ٹیٹو کی دکان پر گیا اور بھاری رقم کے بدلے اس نے ٹیٹو گدوا لیا جو کلائی کے اندرونی حصے پر نمایاں ہے۔ لوگوں نے ٹیٹو پر تنقید کرتے ہوئے اسے غیرمعیاری اور بدصورت قرار دیا ہے۔ ٹیٹو بنانے والے نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اس نے خود زندگی میں پہلی مرتبہ کسی کے جسم پر اس کا شناختی کارڈ گودا ہے جو عجیب بات ہے، مجھے نوجوان کے جسم پر یہ ٹیٹو بنانے میں ایک گھنٹہ لگا۔