پاکستان میں‌ گرمی، سپین میں شدید برفباری سے معمولات زندگی متاثر

Last Updated On 08 April,2019 08:51 am

میڈرڈ: (روزنامہ دنیا) پاکستان میں جہاں گرمی کی شدت زور پکڑ رہی ہے وہیں کچھ ممالک میں ابھی موسم بہار ہے تو کچھ اب بھی سرد موسم کی لپیٹ میں ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں بلکہ حادثات بھی رونما ہو رہے ہیں۔

شدید سرد موسم کے باعث ایسی ہی مشکل کا سامنا سپین میں ڈرائیورز کو اُس وقت کرنا پڑا جب شدید برفباری اور پھسلن کے باعث درجنوں گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ واقعہ سپین کے پہاڑی علاقے سوموسیرا کی سڑک پر پیش آیا، جس کے دوران ایک نہ دو بلکہ پچاس سے زائد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔

رپورٹ کے مطابق تصادم کے باعث کئی گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ ریسکیوکی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں تاہم موسم نے ان کے کام کو بھی دشوار بنا دیا اور لوگ کئی گھنٹوں تک وہیں پھنسے رہے ۔

سپین کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں برس اندازے سے زیادہ بارشیں اور برفباری ہوئی ہے جس سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، کئی پہاڑی علاقوں میں برف پڑنے سے راستے بند پڑے ہیں اور موسم کی شدت ریسکیو ٹیموں کے کام کو بھی مشکل بنا رہی ہیں اور وہ کوئی مدد نہیں کر پا رہیں۔