برازیلیا: (ویب ڈیسک) برازیل میں منشیات فروش کو گرفتار کرنے کے لیے آنے والی پولیس ٹیم نے ملزم کیساتھ طوطے کو بھی گرفتار کرلیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برازیل کی پولیس منشیات فروش کے گھر چھاپہ مارنے پہنچی تو طوطے نے بلند آواز میں اپنے مالک کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا شروع کردیا کہ ماما ’پولیس آگئی‘ تاہم خبردار کرنے کے باوجود منشیات فروش پولیس کے ہتھے چڑھ گیا۔
پولیس نے کار سرکار میں مداخلت اور ملزم کو فرار کرانے میں معاونت کے جرم میں طوطے کو بھی حراست میں لے لیا تاہم جانوروں کی بہبود کیلیے کام کرنے والی تنظیموں نے پولیس کے اقدام کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے طوطے کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ زیر حراست ملزم نے طوطے کو ناصرف پولیس کی آمد پر اطلاع دینے کی مکمل تربیت دی تھی بلکہ پرتگالی زبان کے چند الفاظ بھی سکھائے تھے جس کا عملی مظاہرہطوطے نے پولیس کو دیکھتے ہی اپنے مالک کو پرتگالی زبان میں مخاطب کرتے ہوئے آگاہ کر کے کیا۔ طوطا گرفتاری کے وقت مکمل طور پر خاموش رہا۔