لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی پولیس نے برسٹل سے ملنے والے آوارہ کتے کو ٹریننگ کے بعد سراغ رسانی کی نوکری دے دی، اسے نفری کے ساتھ چوکی پر تعینات کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانوی شہر برسٹل سے ایک شہری کی شکایت پر آوارہ کتے کو ریسکیو کیا گیا تھا۔ جنگلی حیات کے بحالی سنٹر منتقل کرنے پر اسے راوین کا نام دیا گیا، ریسکیو سینٹر میں کتے کی دیکھ بھال کے ساتھ ساتھ تربیت بھی کی گئی یہاں تک کہ پولیس میں اُسے سراغ رساں کتے کے طور پر ملازمت بھی مل گئی۔
ریسکیو سینٹر کے عملے کا کہنا تھا کہ راوین نے اپنی آمد کے چند روز بعد ہی ٹینس کی بال سے کھیلنا شروع کردیا بعد ازاں اسے پولیس سٹیشن بھیجا جہاں وہ دوسرے سراغ رساں کتوں کے ساتھ رچ بس گیا اور کچھ دنوں بعد ہی سراغ رسانی کے کام میں دلچسپی ظاہر کر دی۔ پولیس نے راوین کو اب اپنے سکواڈ کا حصہ بنا لیا ہے، باقاعدہ تربیت کے دوران راوین نے مطلوبہ نتائج دیئے جس کے بعد اُسے نفری کے ساتھ چوکی پر تعینات کر دیا گیا ہے جہاں وہ پوری لگن سے اپنی ذمہ داری نبھاتا ہے۔